راولپنڈی(رم نیوز)پاک بحریہ میں دوسرے پی این ایس خیبر کی شمولیت کی تقریب ہوئی، جس میں ترک صدر رجب طیب اردوان اور پاکستان نیوی کے سربراہ امیرالبحر ایڈمرل نوید اشرف نے شرکت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق تقریب استنبول نیول شپ یارڈ میں ہوئی۔ اس موقع پر صدر اردوان نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے دفاعی تعاون مزید بڑھانے پر زور دیا۔
امیرالبحر ایڈمرل نوید اشرف نے جہازوں کی مشترکہ تیاری اور پاکستان نیوی و ترکی نیول فورسز کے درمیان مضبوط دفاعی شراکت داری کو خوش آئند قرار دیا۔واضح رہے کہ پی این ایس ملگم (خیبر) جدید فنی صلاحیتوں سے لیس بحری جہاز ہے۔ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان چار جہازوں کی تعمیر کا معاہدہ ہے، جن میں سے دو ترکیہ اور دو پاکستان میں تیار کیے جائیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پی این ایس خیبر کی کمیشننگ پر پاک بحریہ کو مبارکباد دی۔