اسلام آباد(رم نیوز)وزارتِ توانائی نے ملک بھر کے سولر صارفین کے لیے نیٹ میٹرنگ پالیسی میں تبدیلی کی منظوری دے دی، جس کے تحت نیٹ میٹرنگ کی جگہ نیا نیٹ بلنگ نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔
نیپرا ذرائع کے مطابق اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ نیٹ بلنگ کے تحت سولر سے پیدا ہونے والی بجلی کی فی یونٹ قیمت 11 روپے مقرر ہوگی، جبکہ سولر صارفین کے معاہدے کی مدت 5 سال کر دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صارف کے سولر یونٹس کا ریٹ نیپرا طے کرے گی، جبکہ استعمال شدہ بجلی کا بل نیپرا کے مقررہ ٹیرف کے مطابق ہوگا۔ نیٹ میٹرنگ کے تحت پہلے سولر صارفین 25 روپے 98 پیسے فی یونٹ کا فائدہ حاصل کر رہے تھے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ آئندہ 25 کلو واٹ سے کم لوڈ رکھنے والے صارفین کے لیے بھی نیپرا سے لائسنس لینا لازم ہوگا، جو پہلے مستثنیٰ تھے۔وزارتِ توانائی حکام کے مطابق نئی پالیسی ناگزیر ہو چکی تھی، تاہم صارفین پر اس کے اثرات محدود ہوں گے، جبکہ سولر ٹیرف کا تعین نیپرا کی ذمہ داری رہے گا۔