اسلام آباد(رم نیوز)اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان نے ملک میں نئے شفاف انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فروری 2024 کے انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کی جائیں۔ اعلامیے میں واضح کیا گیا کہ اپوزیشن مذاکرات کے لیے تیار ہے۔
دو روزہ قومی مشاورتی کانفرنس کے اعلامیے میں اپوزیشن نے مطالبہ کیا کہ نئے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کی جائے اور شفاف انتخابات کروائے جائیں۔ ساتھ ہی عدالتوں پر حملوں اور 26 ویں و 27 ویں آئینی ترمیم کی شدید مذمت کی گئی۔
اعلامیے میں سیاسی قیدیوں کی رہائی، عمران خان اور ان کی اہلیہ سے ملاقاتوں پر پابندی ختم کرنے، اور میڈیا پر دباؤ ختم کرنے کے مطالبات بھی شامل ہیں۔ اپوزیشن نے پیکا کو ختم کرنے، بڑھتی مہنگائی کم کرنے اور خیبرپختونخوا میں صوبائی حقوق کے تحفظ کا بھی مطالبہ کیا۔
قومی کانفرنس نے اعلان کیا کہ 8 فروری کو بین الاقوامی طور پر یوم سیاہ منایا جائے گا اور عوامی تحریک کو متحرک کرنے کے لیے مرکزی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ اسٹوڈنٹس یونین پر عائد پابندی بھی ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔