واشنگٹن(رم نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی تاریخ کا سب سے بڑا بحری جنگی جہاز بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اپنی بحری طاقت کو دنیا کی مضبوط ترین بحریہ بنا رہا ہے۔وزیر دفاع اور نیول چیف کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ نئے بحری جہاز میں جدید گنز، ہائپرسونک میزائل اور لیزر سسٹمز شامل ہوں گے جبکہ متعدد جدید آبدوزیں بھی تیاری کے مراحل میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا آبدوز سازی میں چین اور روس سے پندرہ سال آگے ہے۔
صدر ٹرمپ نے منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ کیریبین کے راستے سمندری منشیات اسمگلنگ میں 96.2 فیصد کمی آئی ہے۔انہوں نے جیفری ایبسٹین سے متعلق فائلز پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ایبسٹین کے جزیرے سے کوئی تعلق نہیں رہا۔
صدر ٹرمپ نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ ایٹمی جنگ رکوائی، جس پر پاکستان کے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے ان کی تعریف کی، جبکہ وہ اب تک دنیا میں آٹھ جنگیں رکوا چکے ہیں۔