مذاکرات کے لیے حکومت تیار، غیر قانونی مطالبات قبول نہیں: وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد(رم نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان مذاکرات کے لیے مکمل آمادہ ہے، لیکن غیر قانونی مطالبات اور بلیک میلنگ کے ساتھ کوئی ڈائیلاگ ممکن نہیں۔کابینہ اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ جائز اور آئینی نکات پر مذاکرات آگے بڑھائے جا سکتے ہیں اور پی ٹی آئی کے اراکین کو قومی اسمبلی میں بھی ڈائیلاگ کی دعوت دی جا چکی ہے۔

وزیراعظم نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے پی آئی اے کی نجکاری کے عمل کی تعریف کی اور کہا کہ بولیاں شفاف طریقے سے وصول کی جا رہی ہیں، اور یہ پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی ٹرانزکشن ثابت ہوگی۔

شہباز شریف نے فیلڈ مارشل کو سعودی عرب میں کنگ عبدالعزیز ایوارڈ ملنے پر خوشی کا اظہار کیا اور پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کو ایشیا کپ جیتنے پر مبارکباد دی، ساتھ ہی قومی کرکٹ ٹیم کے مستقبل میں شاندار کھیل کی توقع ظاہر کی۔