پاکستان میں جلد فائیو جی سروسز متعارف ہوگی: شزا فاطمہ

اسلام آباد(رم نیوز)وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں جلد فائیو جی سروسز متعارف کروائی جائیں گی، جس سے انٹرنیٹ کی رفتار اور رسائی میں نمایاں اضافہ ہوگا۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ڈیجیٹل پاکستان پروگرام کو آگے بڑھایا جا رہا ہے اور ای سی سی نے 600 میگاہرٹز اسپیکٹرم کی آکشن کی منظوری دے دی ہے۔

شزا فاطمہ خواجہ کا کہنا تھا کہ سپیکٹرم ایڈوائزری کمیٹی کی سفارشات جلد کابینہ میں پیش کی جائیں گی اور تمام متعلقہ فریقوں سے مشاورت کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ انٹرنیٹ کی رفتار عالمی معیار کے مطابق نہیں کیونکہ مناسب سپیکٹرم دستیاب نہیں۔

وزیر آئی ٹی نے امید ظاہر کی کہ آئندہ چھ ماہ کے اندر فائیو جی صارفین کے لیے دستیاب ہو جائے گا اور امکان ہے کہ فروری 2026 کے پہلے ہفتے تک سپیکٹرم آکشن مکمل ہو جائے۔