پی آئی اے کو نیا مالک مل گیا، عارف حبیب گروپ کامیاب بولی دہندہ قرار

اسلام آباد(رم نیوز) قومی ایئرلائن پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کے تیسرے اور حتمی مرحلے میں عارف حبیب گروپ 135 ارب روپے کی کامیاب بولی کے ساتھ 75 فیصد شیئرز خریدنے میں کامیاب ہوگیا، جبکہ لکی سیمنٹ گروپ نے 134 ارب روپے کی بولی دی۔وفاقی دارالحکومت میں ہونے والے نجکاری کے عمل کے دوران وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر اطلاعات، وزیر نجکاری، کنسورشیم کے نمائندوں اور دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔نجکاری کے دوسرے مرحلے میں بولی میں سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ لکی گروپ نے ابتدا میں اپنی بولی 115 ارب 50 کروڑ روپے تک بڑھائی، جس کے جواب میں عارف حبیب گروپ نے 116 ارب روپے کی بولی دی۔ بعد ازاں عارف حبیب گروپ نے بولی بڑھا کر 116 ارب 50 کروڑ روپے کردی، جس پر لکی گروپ نے 116 ارب 75 کروڑ روپے کی پیشکش کی۔

لکی سیمنٹ کی جانب سے 120 ارب 25 کروڑ روپے کی بولی دی گئی، تاہم وقفے سے قبل عارف حبیب گروپ نے اپنی بولی مزید بڑھا کر 121 ارب روپے کردی، اور بالآخر حتمی مرحلے میں 135 ارب روپے کی کامیاب بولی دے کر بازی اپنے نام کرلی۔پی آئی اے کی نجکاری کے پہلے مرحلے میں تین پری کوالیفائیڈ بڈرز نے بولیاں جمع کرائیں، جنہیں سہ پہر ساڑھے تین بجے کھولا گیا۔ اس کے بعد پرائیویٹائزیشن کمیشن بورڈ کے اجلاس میں ریفرنس قیمت طے کی گئی۔ریفرنس قیمت کی منظوری کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے اجلاس میں دی گئی، جس کے بعد نجکاری کے حتمی مرحلے کی راہ ہموار ہوئی۔