بینظیر بھٹو نے جمہوریت اور عوامی حقوق کیلئے بے مثال جدوجہد کی: وزیراعظم

اسلام آباد(رم نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم شہید بینظیر بھٹو نے جمہوریت، عوامی حقوق اور وفاقِ پاکستان کے استحکام کیلئے ناقابلِ فراموش جدوجہد کی۔ ان کی برسی پر جاری پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ بینظیر بھٹو نے سیاسی عمل میں رواداری، ہم آہنگی اور برداشت کو فروغ دیا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بینظیر بھٹو نے خواتین کے حقوق، اقلیتوں کے تحفظ اور ایک پرامن، جمہوری پاکستان کیلئے اہم کردار ادا کیا، ان کی قربانیاں اور خدمات قوم کیلئے مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے مرحومہ کیلئے مغفرت اور اہل خانہ کیلئے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔