مظفرآباد(رم نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے مظفرآباد میں جدید کینسر ہسپتال اور میڈیکل کالج کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحت کے شعبے میں یہ منصوبہ عوام کے لیے ایک بڑی سہولت ثابت ہوگا۔
کشمیر انسٹیٹیوٹ آف نیوکلیئر میڈیسن، آنکالوجی اینڈ ریڈیو تھراپی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کینسر جیسے جان لیوا مرض میں مبتلا مریضوں کے لیے معیاری علاج کی فراہمی انسانیت کی خدمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس جدید ہسپتال سے آزاد کشمیر اور گرد و نواح کے علاقوں کے مریضوں کو علاج کے لیے دور دراز شہروں کا سفر نہیں کرنا پڑے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وہ خود بھی کینسر کے مرض سے گزر چکے ہیں، اس لیے انہیں بخوبی احساس ہے کہ کم وسائل رکھنے والے افراد کے لیے اس بیماری کا علاج کتنا کٹھن مرحلہ ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے فلاحی منصوبے عوام کی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی لاتے ہیں۔
تقریب سے ویڈیو پیغام میں بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی نے کہا کہ آزاد کشمیر میں جدید کینسر ہسپتال کا قیام صحت کے شعبے میں ایک نمایاں پیش رفت ہے اور عوامی فلاح کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال قابلِ تحسین ہے۔