خیبرپختونخوا کابینہ کا اہم اجلاس آج، 29 نکاتی ایجنڈا زیر غور

پشاور(رم نیوز)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا اہم اجلاس آج دوپہر 2 بجے سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوگا۔ذرائع کے مطابق اجلاس کے لیے 29 نکاتی ایجنڈا تیار کر لیا گیا ہے جبکہ کابینہ اراکین اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز کو اجلاس میں شرکت کے لیے باضابطہ مراسلے ارسال کر دیے گئے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق کابینہ اجلاس میں خیبرپختونخوا سیف سٹی پراجیکٹ کے لیے 3 ارب 82 کروڑ 50 لاکھ روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دی جائے گی۔ اس کے علاوہ ضم شدہ اضلاع سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے لیے میڈیکل کالجز میں مختص کوٹے کی منظوری بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔اجلاس میں سکول لیڈرز کو دوبارہ عارضی بنیادوں پر بھرتی کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا جائے گا۔ اہم انتظامی اور تعلیمی فیصلوں کے باعث اجلاس کو صوبے کے لیے نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔