اسلام آباد(رم نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے روسی صدر ولادی میر پیوٹن کی رہائش گاہ کو نشانہ بنانے کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ ایسے اقدامات عالمی امن اور سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان روسی صدر، حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور امن و سلامتی کو نقصان پہنچانے والی ہر کارروائی کو مسترد کرنے کے اپنے مؤقف پر قائم ہے۔واضح رہے کہ روس نے یوکرین پر الزام عائد کیا ہے کہ نووگورود ریجن میں صدر پیوٹن کی سرکاری رہائش گاہ کو ڈرون حملے کا نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، تاہم یوکرین نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے۔