کراچی میں موسمِ سرما کی پہلی بارش، سردی میں اضافہ، متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر

کراچی(رم نیوز)شہر قائد میں رات گئے موسمِ سرما کی پہلی بارش ہوئی جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ مختلف علاقوں میں ہلکی اور کہیں تیز بارش سے موسم خوشگوار مگر خنکی میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔کراچی کے علاقوں آئی آئی چندریگر روڈ، پی آئی ڈی سی، سلطان آباد، ضیاء الدین احمد روڈ اور سول لائنز میں بادل خوب برسے، جبکہ شاہراہ فیصل، طارق روڈ، صدر، سولجر بازار، جمشید روڈ اور اطراف کے علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔ اسی طرح سائٹ ایریا، میٹروول اور اورنگی ٹاؤن میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج دن کے اوقات میں بھی ہلکی بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ وقفے وقفے سے بوندا باندی اور ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے، جس کے باعث درجہ حرارت میں مزید کمی متوقع ہے۔دوسری جانب سندھ کے دیگر شہروں لاڑکانہ، سکھر، شکارپور، جیکب آباد، نوڈیرہ اور خانپور میں بھی بارش ہوئی، جبکہ لکھی غلام شاہ اور گڑھی یاسین میں بارش سے خنکی میں اضافہ ہوگیا۔ حیدرآباد میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی۔

بارش کے باعث کراچی کے کئی علاقوں میں فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ ادھر پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ لاہور میں آج اور کل بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔