نصف صدی بعد ڈبل ڈیکر بسیں کراچی کی سڑکوں پر واپس، آزمائشی سروس کا آغاز

کراچی(رم نیوز)شہر قائد میں تقریباً نصف صدی کے بعد ڈبل ڈیکر بسیں دوبارہ سڑکوں پر رواں دواں ہو گئیں، جس سے شہریوں کی پرانی یادیں تازہ ہوگئیں۔ سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے ڈبل ڈیکر بس سروس کا افتتاح کیا، جو آزمائشی طور پر ملیر سے شاہراہ فیصل تک چلائی گئی۔

میڈیا سے گفتگو میں شرجیل میمن نے کہا کہ عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کر دیا گیا ہے اور نئے سال میں کراچی کی ہر بڑی سڑک پر ڈبل ڈیکر بسیں چلائی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ 2026ء میں شہریوں کو ٹرانسپورٹ کی مزید بہتر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز بس سروس کے ذریعے روزانہ ایک لاکھ سے زائد مسافر سفر کر رہے ہیں اور مستقبل میں سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی بس سروس شروع کی جائے گی۔ حکام کے مطابق اگر آزمائشی مرحلہ کامیاب رہا تو جدید سہولیات سے آراستہ مزید ڈبل ڈیکر بسیں مختلف روٹس پر چلائی جائیں گی۔