لاہور(رم نیوز)پنجاب حکومت نے زبانی لین دین پر زمین کی فرد نکالنے یا انتقال کرنے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے، اب زمین کا انتقال صرف رجسٹرڈ دستاویزات کے ذریعے ممکن ہوگا۔یہ نوٹیفکیشن پنجاب لینڈ ریونیو ایکٹ 1967 کی دفعات 13(2)، 16(2)، 17 اور 42-A کے تحت جاری کیا گیا ہے۔ اس کے مطابق وراثت کے کیسز کے سوا ہر قسم کے انتقال کے لیے رجسٹرڈ دستاویز لازمی ہوگی، جبکہ خرید و فروخت، رہن، تبادلہ اور ہبہ صرف رجسٹرڈ انسٹرومنٹ کے ذریعے قابل قبول ہوں گے۔
رجسٹریشن ایکٹ 1908 اور ٹرانسفر آف پراپرٹی ایکٹ 1882 کی متعلقہ دفعات کے تحت غیر رجسٹرڈ معاہدے یا اسٹامپ پیپر پر انتقال درج نہیں کیا جائے گا۔ تمام ریونیو افسران اور پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کو نوٹیفکیشن پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے اور یہ نوٹیفکیشن فوری نافذ العمل ہوگا۔