ملک بھر میں بارش و برفباری، سردی میں اضافہ، بالائی علاقوں میں برفانی تودوں کا خدشہ

لاہور(رم نیوز)ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے جبکہ سیاحوں کی بڑی تعداد نے برف پوش مقامات کا رخ کر لیا۔ گلیات، نتھیا گلی اور ٹھنڈیانی میں موسم سرما کی پہلی برفباری ریکارڈ کی گئی، جبکہ ایبٹ آباد، میرپور اور اسلام آباد میں بارش سے موسم مزید سرد ہو گیا۔

لاہور، سرگودھا، پشاور، مردان اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی، جبکہ سوات کے بالائی علاقوں کالام اور مالم جبہ میں برفباری کا سلسلہ جاری رہا۔ بلوچستان کے اضلاع زیارت، چمن، توبہ اچکزئی اور دیگر علاقوں میں بھی بارش اور برفباری رپورٹ ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ناران، کاغان، سوات، کوہستان، استور، ہنزہ اور اسکردو میں مزید برفباری کا امکان ہے۔ برفباری کے باعث سڑکوں کی بندش، پھسلن، لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ پنجاب اور بالائی سندھ میں دھند میں کمی کی توقع ہے۔