لاہور(رم نیوز)ملک کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ کم ہو گئی ہے جس پر حفاظتی اقدامات کے تحت کئی موٹر ویز بند کر دی گئی ہیں۔ موٹر وے پولیس کے مطابق ایم ون پشاور سے رشکئی، ایم ٹو لاہور سے بالکسر، ایم تھری لاہور سے ملتان، ایم فور پنڈی بھٹیاں سے ملتان، ایم فائیو ملتان سے سکھر اور ایم الیون لاہور سے سیالکوٹ تک ٹریفک معطل ہے۔
دھند کے باعث بہاولپور، رحیم یار خان، صادق آباد سمیت مختلف قومی شاہراہوں پر حدِ نگاہ 0 سے 100 میٹر تک رہ گئی ہے۔ موٹر وے پولیس نے شہریوں کو دن کے اوقات میں سفر، فوگ لائٹس کے استعمال، رفتار کم رکھنے اور لین ڈسپلن پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ رہنمائی کے لیے ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔