اسلام آباد ہائیکورٹ نے غیر قانونی گرفتاری کو اغوا قرار دے دیا، پولیس کے خلاف کارروائی کا حکم

اسلام آباد(رم نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے پولیس کی بغیر قانونی پراسس گرفتاری کو اغوا قرار دیتے ہوئے ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔ عدالت نے لاہور اور بہاولپور سے خاتون اور کمسن بچوں کے اغوا کے کیس میں پولیس کی کارروائی کو کالعدم قرار دیا اور محمد وقاص، علیم سہیل، ثنا سہیل اور ارحم وقاص کے خلاف مقدمات خارج کر دیے۔

فیصلے میں عدالت نے کہا کہ شوکاز نوٹس جاری ہونے کے باوجود پراسس کا غلط استعمال انصاف کے ساتھ کھلواڑ کے مترادف ہے، اور ایسے حالات میں کارروائی کالعدم ہوگی۔ عدالت نے آئی جی اسلام آباد کو ہدایت دی کہ جعلی پولیس مقابلے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور ہر اہلکار کو ایک لاکھ روپے جرمانہ مدعیہ ثنا سہیل کو ادا کرنے کا حکم دیا۔

مزید برآں، عدالت نے لاہور پولیس کو ہدایت کی کہ خاتون اور بچوں کے اغوا کے کیس میں میرٹ پر تحقیقات کریں اور 30 دن کے اندر رپورٹ پیش کریں۔ مقدمہ نمبر 653/25 اسلام آباد کے تھانہ ترنول میں درج کیا گیا تھا۔