ٹی20 ورلڈ کپ: بنگلہ دیش کا بھارت نہ جانے کا اعلان، آئی سی سی کو فیصلے سے آگاہ کردیا

ڈھاکہ(رم نیوز)بنگلہ دیش نے آئی پی ایل سے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو ریلیز کیے جانے کے معاملے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہ جانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ فیصلہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ہنگامی اجلاس میں کیا گیا۔

بی سی بی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد قومی ٹیم کو بھارت نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا، جس سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔ بنگلہ دیش بورڈ نے امید ظاہر کی ہے کہ آئی سی سی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے جلد فیصلہ دے گی۔

بنگلہ دیش کے مشیر برائے کھیل نے بھی فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے بھارتی کرکٹ بورڈ کی پالیسیوں کو کشیدگی کا سبب قرار دیا۔ ذرائع کے مطابق بنگلہ دیش ورلڈ کپ کے میچز سری لنکا میں کرانے کی درخواست کرے گا۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش نے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے اپنے سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس کی قیادت لٹن کمار داس کریں گے، جبکہ سیف حسن نائب کپتان ہوں گے۔ بنگلہ دیش کا پہلا میچ 7 فروری کو ویسٹ انڈیز کے خلاف شیڈول ہے۔