یومِ حقِ خودارادیت: پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیریوں کے تجدیدِ عہد کا دن

سری نگر(رم نیوز)پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج کشمیری یومِ حقِ خودارادیت منا رہے ہیں۔ یہ دن 5 جنوری 1949ء کو اقوام متحدہ کے کمیشن برائے پاکستان و بھارت کی جانب سے کشمیری عوام کو حقِ رائے شماری دینے کی قرارداد کی منظوری کی یاد میں منایا جاتا ہے۔

کشمیری عوام ہر سال اس دن کو اس عزم کے ساتھ مناتے ہیں کہ عالمی برادری کو یاد دلایا جائے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے باوجود بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں کو بنیادی حقوق سے محروم کر رکھا ہے۔

ترجمان وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات عالمی امن کے لیے خطرہ ہیں اور اقوام متحدہ کی قراردادیں کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا حق دیتی ہیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے مطابق یومِ حقِ خودارادیت کے موقع پر آزاد جموں و کشمیر میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے اور اقوام متحدہ کے فوجی مبصر مشن کو یادداشت پیش کی جائے گی۔