پاکستان وینزویلا کی کشیدگی پر تشویش کا اظہار، تحمل اور کشیدگی میں کمی کا مطالبہ

اسلام آباد(رم نیوز)پاکستان نے وینزویلا میں بڑھتی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور تمام فریقین سے تحمل اور تنازع میں کمی کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ موقف ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے امریکی فوج کی وینزویلا میں کارروائی اور صدر نکولاس مادورو اور ان کی اہلیہ کی گرفتاری کے بعد دیا۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان وینزویلا کے عوام کی فلاح و بہبود کو اہمیت دیتا ہے اور بحران کے حل کے لیے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری ناگزیر ہے۔ انہوں نے وینزویلا میں مقیم پاکستانیوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل رابطے جاری رکھنے کا بھی اعلان کیا۔

واضح رہے کہ امریکی کارروائی کے بعد نائب صدر ڈیلسی روڈریگز نے عارضی طور پر صدارتی ذمہ داریاں سنبھال لیں، جبکہ عالمی برادری، بشمول چین، فرانس، اسپین اور ایران، نے امریکی اقدام کی مذمت اور صدر مادورو کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ وینزویلا کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس کل ہوگا۔