خیبر پختونخوا میں شدید دھند، پشاور ایئرپورٹ پر پروازیں متاثر

پشاور(رم نیوز)پشاور اور خیبر پختونخوا کے دیگر میدانی علاقوں میں دوسرے روز بھی شدید دھند نے معمولات زندگی اور سفری نظام متاثر کر دیا۔ پشاور شہر اور مضافات میں حدِ نگاہ بعض مقامات پر صفر تک محدود رہی جبکہ درجہ حرارت 2 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔

شدید دھند کے باعث پشاور ایئرپورٹ پر حدِ نگاہ 50 میٹر تک محدود رہنے سے متعدد ملکی و غیر ملکی پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، جبکہ ایک پرواز کو اسلام آباد منتقل کر دیا گیا۔ پی اے اے نے مسافروں کو اپنی پروازوں کی تازہ ترین صورتحال جاننے کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، صوابی اور دیگر میدانی علاقوں میں بھی دھند کے باعث ٹریفک کی روانی سست رہی، اور مقامی انتظامیہ نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے اجتناب کی ہدایت کی ہے۔