ملک بھر میں سردی کی لہر برقرار، میدانی علاقوں میں دھند کا راج

لاہور، اسلام آباد(رم نیوز)محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کی لہر برقرار رہے گی۔پنجاب، بالائی سندھ اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں درمیانی سے شدید دھند متوقع ہے جس سے حدِ نگاہ متاثر ہو سکتی ہے۔ اسلام آباد اور گردونواح میں بھی سرد اور خشک موسم کے ساتھ صبح کے وقت کہیں کہیں کہرا پڑنے کا امکان ہے۔

مری، گلیات، گلگت بلتستان اور کشمیر میں موسم شدید سرد رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں سرد اور خشک موسم جبکہ شمالی علاقوں میں درجہ حرارت منفی میں ریکارڈ کیا گیا ہے۔ زیارت میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 9، قلات منفی 7 اور کوئٹہ میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔محکمہ موسمیات نے شہریوں کو شدید سردی اور دھند کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔