امریکی ویزا درخواست پر 15 ہزار ڈالر تک ضمانتی رقم لازمی، کونسے38 ممالک فہرست میں شامل؟

واشنگٹن(رم نیوز)امریکی حکومت نے 38 ممالک کے شہریوں کے لیے ویزا درخواست کے ساتھ 5 ہزار سے 15 ہزار ڈالر تک بطور ضمانت (بانڈ) جمع کروانے کی شرط عائد کر دی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق یہ فیصلہ ویزا کی مدت سے زائد قیام کو روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔

محکمہ خارجہ کی ویب سائٹ پر جاری اعلامیے کے مطابق بی ون (کاروباری) اور بی ٹو (سیاحتی) ویزا کے درخواست گزاروں سے بانڈ کی رقم ویزا انٹرویو کے وقت طے کی جائے گی، جبکہ اس شرط کا اطلاق 21 جنوری سے ہوگا۔ بانڈ کی ادائیگی امریکی محکمہ خزانہ کے آن لائن پلیٹ فارم Pay.gov کے ذریعے کی جائے گی۔

اس فہرست میں زیادہ تر ممالک افریقہ، لاطینی امریکا اور جنوبی ایشیا سے تعلق رکھتے ہیں جن میں الجزائر، بنگلہ دیش، نیپال، تنزانیہ، یوگنڈا، وینزویلا اور زمبابوے سمیت دیگر شامل ہیں۔امریکی حکام کے مطابق بانڈ جمع کرانے کا مطلب ویزا کی حتمی منظوری نہیں، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں رقم ضبط کی جا سکتی ہے۔