66 بین الاقوامی اداروں سے امریکہ علیحدگی اور فنڈنگ روک دے گا: ٹرمپ انتظامیہ کا اعلان

واشنگٹن(رم نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ 66 بین الاقوامی اداروں اور تنظیموں سے علیحدگی اختیار کرے گا، جن میں 31 اقوام متحدہ کے ادارے اور 35 غیر اقوام متحدہ تنظیمیں شامل ہیں۔ اس اقدام میں اہم عالمی موسمیاتی معاہدہ، اقوام متحدہ کا ادارہ برائے خواتین (یو این وومن)، یو این پاپولیشن فنڈ (یو این ایف پی اے) اور دیگر ادارے شامل ہیں۔

صدر ٹرمپ کے مطابق یہ ادارے امریکی قومی مفادات کے خلاف کام کر رہے ہیں، اس لیے ان سے علیحدگی اور فنڈنگ بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے ایگزیکٹو آرڈر کے مطابق یہ اقدام امریکی فنڈنگ کے خاتمے اور اداروں میں شرکت بند کرنے کے لیے ہے۔

ٹرمپ انتظامیہ نے اس سے قبل بھی اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل، فلسطینی پناہ گزینوں کے ادارے (یو این آر ڈبلیو اے) اور یونیسکو کے لیے فنڈنگ کم یا معطل کر دی تھی۔ وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ یہ اقدام بین الاقوامی تنظیموں، معاہدوں اور کنونشنز کا جائزہ لینے کے ضمن میں کیا جا رہا ہے تاکہ امریکی شمولیت اور فنڈنگ قومی ترجیحات کے مطابق ہو۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کی جانب سے اس فیصلے پر فوری ردعمل نہیں آیا۔