بیجنگ(رم نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان پولیس کو جدید تقاضوں کے مطابق تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت فراہم کی جائے گی۔محسن نقوی نے بیجنگ پولیس کالج کا دورہ کیا اور وہاں ہائی ٹیک تربیتی نظام، گاڑیوں کے ذریعے ملزمان کو پکڑنے کے مظاہرے، اور پولیس کی پیشہ وارانہ مہارت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ وہیکلز اسکواڈ کی مہارت اور تربیت سے بہت متاثر ہوئے ہیں۔
وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ نیشنل پولیس اکیڈمی کے اے ایس پیز ایک ماہ کی تربیت کے لیے بیجنگ پولیس کالج آئیں گے اور دونوں اداروں کے درمیان تعلیمی و تربیتی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
دورے کے دوران محسن نقوی نے جدید ڈرائیونگ سیمولیٹرز استعمال کیے اور مظاہروں، پُرتشدد واقعات اور دیگر جرائم سے نمٹنے کی ٹیکنالوجی بیسڈ تربیت کا جائزہ لیا۔ بیجنگ پولیس کالج میں 12 فیکلٹیز ہیں، 400 سے زائد فیکلٹی ممبران شامل ہیں اور ان میں 50 فیصد پی ایچ ڈی کے حامل ہیں۔