"تہاڈا بیلنس تے نئیں مک گیا"، وسیم اکرم کے ساتھ پی ایس ایل فرنچائزز کی دلچسپ نیلامی

اسلام آباد(رم نیوز)پاکستان سپر لیگ میں دو نئی ٹیموں کی شمولیت کے لیے جناح کنونشن سینٹر میں ہونے والی نیلامی مکمل ہو گئی۔ اس کے نتیجے میں حیدرآباد اور سیالکوٹ کی فرنچائزز فروخت ہو چکی ہیں۔تقریب کی میزبانی سابق کپتان وسیم اکرم نے کی، جنہوں نے اپنے مخصوص انداز اور مزاحیہ جملوں سے ماحول کو دلچسپ بنایا۔ نیلامی کے پہلے مرحلے میں ایف کے ایس گروپ نے حیدرآباد کی ٹیم حاصل کی، جبکہ دوسرے مرحلے میں او زی گروپ نے 185 کروڑ روپے کی بولی دے کر سیالکوٹ کی فرنچائز خریدی۔

ملتان سلطانز کے سابق مالک علی ترین نے نیلامی میں حصہ نہیں لیا، جبکہ دیگر کاروباری گروپس نے مقابلے میں حصہ لیا۔ پی سی بی کے مطابق نئے مالکان ٹیموں کے نام اور لوگوز طے کرنے کے بعد فرنچائزز کی حتمی شکل دیں گے۔تقریب میں پی سی بی چیئرمین محسن نقوی، بورڈ کے حکام، وفاقی وزرا اور غیر ملکی سفارتی نمائندے بھی موجود تھے۔ نئی فرنچائزز کے مالکان نے لیگ میں شمولیت کو اعزاز قرار دیا اور پاکستان میں کرکٹ کے فروغ کے لیے عزم ظاہر کیا۔

پی ایس ایل کا آئندہ سیزن مارچ میں شروع ہوگا، جس میں پہلی بار آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی، جبکہ ملتان سلطانز کی ٹیم کو بورڈ خود چلا رہا ہے۔