اسلام آباد(رم نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان المبارک میں عوام کے لیے شفاف اور مؤثر پیکیج تیار کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ اجلاس میں پچھلے سال کے رمضان پیکیج کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن رپورٹ کو سراہا گیا، جس میں پیکیج کو شفاف اور مؤثر قرار دیا گیا تھا۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہائیوں سے جاری یوٹیلٹی سٹورز کا پرانا نظام مالی بے ضابطگیوں اور مستحق عوام کے استحصال کا باعث تھا، جسے حکومت نے شفاف اور مؤثر نظام میں تبدیل کیا ہے۔
انہوں نے متعلقہ وزارتوں کو ہدایت دی کہ رمضان پیکیج کی امدادی رقوم ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے فراہم کی جائیں تاکہ عوام کی عزت برقرار رہے اور کیش لیس معیشت کو فروغ ملے۔ مزید کہا گیا کہ مستحق افراد کی شمولیت کو زیادہ سے زیادہ یقینی بنایا جائے اور نگرانی کے لیے منظم ڈیجیٹل ڈیش بورڈ تیار کیا جائے۔
اجلاس میں وفاقی وزراء، نادرا اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے حکام سمیت دیگر متعلقہ سرکاری عہدے داران نے شرکت کی۔