جدہ (رم نیوز)پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار صومالی لینڈ کے تنازع پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کے لیے سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔ جدہ پہنچنے پر پاکستانی سفیر احمد فاروق اور قونصل جنرل مصطفیٰ ربانی نے ان کا استقبال کیا۔
یہ اجلاس اسرائیل کی جانب سے صومالی لینڈ کو ایک آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کے متنازع اعلان کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر غور کرنے کے لیے بلایا گیا ہے۔وزیر خارجہ اسحاق ڈار اجلاس میں پاکستان کا نقطہ نظر پیش کریں گے اور صومالیہ کی عالمی سطح پر تسلیم شدہ سرحدوں، وحدت اور علاقائی سالمیت کی بھرپور حمایت کا اعادہ کریں گے۔
اسرائیلی اقدام کی مذمت: او آئی سی پہلے ہی اسرائیل کے اس اقدام کو بین الاقوامی قوانین اور صومالیہ کی خود مختاری کی کھلی خلاف ورزی قرار دے چکی ہے۔دورے کے دوران اسحاق ڈار او آئی سی کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں علاقائی سلامتی اور باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، وہ جدہ میں پاکستانی قونصل خانے کی نئی عمارت کا افتتاح بھی کریں گے۔