ملک میں یخ بستہ ہواؤں کا راج؛ میدانی علاقوں میں شدید دھند اور پہاڑوں پر کہرا پڑنے کا امکان

لاہور(رم نیوز)ملک کے بیشتر حصے شدید سردی کی لہر کی لپیٹ میں ہیں، جہاں میدانی علاقوں میں دھند کے ڈیرے ہیں اور پہاڑی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گرنے کی وجہ سے شدید سردی کا راج ہے۔ پنجاب: لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور ملتان سمیت صوبے کے بیشتر اضلاع میں درمیانی سے شدید دھند کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ مری اور گلیات میں موسم شدید سرد رہے گا۔پشاور، مردان، سکھر اور لاڑکانہ سمیت بالائی سندھ اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔

ان علاقوں میں شدید خشک سردی رہے گی جبکہ کشمیر اور خطہ پوٹھوہار میں صبح کے اوقات میں کہرا پڑنے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں بھی موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ دھند کی وجہ سے حدِ نگاہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔