کراچی(رم نیوز)سندھ حکومت نے بلدیاتی اداروں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے اور عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے صوبے بھر کے ریجنل دفاتر کو فعال کر دیا ہے۔ وزیر بلدیات کی ہدایت پر محکمہ لوکل گورنمنٹ نے کراچی سمیت 30 اضلاع میں مانیٹرنگ ٹیموں کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کر کے انہیں فیلڈ میں کام شروع کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
جاری کردہ دستاویزات کے مطابق، ہر ضلع میں گریڈ 17 کے تین اسسٹنٹ ڈائریکٹرز پر مشتمل ٹیمیں مقرر کی گئی ہیں جن کی ذمہ داریاں درج ذیل شعبوں میں تقسیم کی گئی ہیں۔
میونسپل سروسز: صفائی ستھرائی، پینے کے پانی کی فراہمی، نکاسی آب اور سٹریٹ لائٹس جیسے بنیادی مسائل کی نگرانی۔
ایڈمنسٹریشن و فنانس: بلدیاتی کونسلوں کے انتظامی امور اور مالیاتی معاملات کی مانیٹرنگ۔
انفراسٹرکچر: ترقیاتی منصوبوں کے معیار اور ان کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانا۔
یہ ٹیمیں پابندی کے ساتھ اپنی رپورٹس ریجنل ڈائریکٹرز کو جمع کرائیں گی، جو حتمی جائزے کے لیے اسپیشل سیکریٹری ہاؤسنگ و ٹاؤن پلاننگ کو پیش کی جائیں گی۔ سپیشل سیکریٹری سید محمد علی شاہ کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد اداروں کے درمیان کوآرڈینیشن کی کمی کو دور کرنا ہے تاکہ بلدیاتی کارکردگی میں حائل رکاوٹیں ختم کی جا سکیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وہ خود بھی کراچی کے مختلف اضلاع کے اچانک دورے کر کے صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔