پنجاب بار الیکشن: وکلاء کے بڑے دنگل کا آغاز، لاہور اور ملتان میں کانٹے دار مقابلے، شیخوپورہ میں پولنگ مؤخر

لاہور(رم نیوز)پنجاب بھر کی ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشنز کے سالانہ انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ صوبے کے تمام بڑے شہروں میں وکلاء اپنے نمائندوں کے انتخاب کے لیے حقِ رائے دہی استعمال کر رہے ہیں، تاہم شیخوپورہ میں الیکشن بورڈ کی تبدیلی کے باعث پولنگ 17 جنوری تک مؤخر کر دی گئی ہے۔

لاہور بارمیں صدارت کی نشست پر ادیب اسلم بھنڈر، شاہد جمال بٹ اور عرفان حیات باجوہ مدمقابل ہیں۔ یہاں 15 ہزار سے زائد ووٹرز شام 5 بجے تک ووٹ کاسٹ کریں گے۔ملتان میں صدارت کے لیے سیدہ بشریٰ نقوی اور چوہدری افضل جٹ کے درمیان سخت مقابلہ ہے۔ راولپنڈی میں 27 امیدوار مدمقابل ہیں جہاں بائیومیٹرک کارڈ لازمی قرار دیا گیا ہے۔

گوجرانوالہ میں 3460 وکلاء بائیومیٹرک طریقے سے ووٹ ڈال رہے ہیں، جبکہ قصور میں سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان اور وفاقی وزیر ملک رشید خان بھی اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے۔اٹک، ننکانہ صاحب، گوجرہ اور بہاولنگر میں بھی انتخابی عمل سکیورٹی کے سخت انتظامات کے سائے میں جاری ہے۔

شیخوپورہ میں الیکشن بورڈ کی ازسرِنو تشکیل اور کاغذات کی جانچ پڑتال کے باعث سابقہ فیصلے کالعدم قرار دیتے ہوئے الیکشن ایک ہفتے کے لیے ملتوی کیے گئے ہیں۔