لاہور(رم نیوز)صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید دھند اور بادلوں کے ڈیروں نے زندگی مفلوج کر دی ہے۔ سردی کی حالیہ لہر کے باعث بعض علاقوں میں پارہ 3 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے، جس سے ٹھنڈ کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
شدید دھند کے باعث علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حدِ نگاہ محض 50 میٹر رہ گئی، جس کے نتیجے میں فضائی آپریشن بری طرح متاثر ہوا۔اندرون و بیرونِ ملک آنے اور جانے والی 22 پروازیں تاخیر یا منسوخی کا شکار ہوئیں۔دبئی، جدہ، ریاض، استنبول، کراچی اور شارجہ سمیت دیگر شہروں کی پروازیں 2 سے 5 گھنٹے تک لیٹ ہوئیں۔
پی آئی اے سمیت تمام ایئرلائنز نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ایئرپورٹ روانگی سے قبل اپنی پروازوں کی تازہ ترین صورتحال معلوم کریں۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 14 ڈگری رہنے کا امکان ہے، تاہم آئندہ 24 گھنٹوں میں بارش کی کوئی توقع نہیں اور موسم بدستور خشک و سرد رہے گا۔ سورج کی عدم موجودگی اور بادلوں کی وجہ سے دن کے وقت بھی سردی کی شدت برقرار رہے گی۔