آسمان پر آج قدرت کا شاہکار: زمین، مشتری اور سورج ایک سیدھی لکیر میں، نظارہ شام سے شروع ہوگا

لاہور (رم نیوز)ماہرینِ فلکیات نے آج رات ایک نادر اور خوبصورت فلکیاتی منظر کی نوید سنادی ہے۔ آج زمین، نظامِ شمسی کا سب سے بڑا سیارہ مشتری اور سورج ایک ہی سیدھی لکیر میں آجائیں گے، جس کے نتیجے میں مشتری زمین کے قریب ترین ہونے کی وجہ سے معمول سے زیادہ بڑا اور روشن دکھائی دے گا۔

پاکستان میں اس شاندار منظر کا مشاہدہ آج شام ساڑھے 6 بجے سے کل صبح پونے 7 بجے تک کیا جا سکے گا۔ مشتری غروبِ آفتاب کے ساتھ ہی مشرق سے طلوع ہوگا اور پوری رات آسمان پر ایک چمکتے ہوئے ستارے کی طرح موجود رہے گا۔ مطلع صاف ہونے کی صورت میں مشتری کو انسانی آنکھ سے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ تاہم، اگر آپ کے پاس چھوٹی ٹیلی اسکوپ یا دوربین ہے، تو آپ مشتری کی سطح پر موجود پٹیاں اور اس کے چار بڑے چاند (آئیو، یوروپا، گینیمیڈ اور کالسٹو) بھی دیکھ سکیں گے۔

فلکیاتی ماہرین کے مطابق سیارہ مشتری کا یہ دلفریب نظارہ سال میں صرف ایک بار ہوتا ہے اور اب دوبارہ ایسا منظر اگلے سال ہی دیکھنے کو ملے گا۔