عمان (رم نیوز)پاک بحریہ کے بحری بیڑے نے عمان کے دارالحکومت مسقط میں سلطان قابوس بندرگاہ کا دورہ کیا، جہاں عمانی حکام نے پاکستانی بحری جہازوں کا پرتپاک استقبال کیا۔
پاک بحریہ کے بحری بیڑے میں پی این ایس راہ نورد، پی این ایس مددگار اور پی ایم ایس ایس کشمیر شامل تھے۔ دورے کے دوران مشن کمانڈر اور بحری جہازوں کے کمانڈنگ افسران نے عمان کی رائل بحریہ کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کیں۔
مشن کمانڈر نے عمان کی رائل بحریہ کے حکام، ڈی جی آپریشنز اینڈ پلانز، میری ٹائم سکیورٹی سنٹر کمانڈر، نیول بیس کے کمانڈر سید بن سلطان اور سلطان قابوس نیول اکیڈمی کے کمانڈنٹ سے بھی ملاقات کی۔
دورے کے موقع پر پاک بحریہ کے جہازوں نے عمان کی رائل بحریہ کے جہاز ’’خسب‘‘ کے ساتھ مشترکہ بحری مشق میں حصہ لیا۔ مشق کا مقصد دونوں بحری افواج کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینا اور پیشہ ورانہ تجربات کا تبادلہ تھا۔
واضح رہے کہ بندرگاہی دورے اور مشترکہ بحری مشقیں دوست ممالک کی بحری افواج کے درمیان معمول کے تعاون کا حصہ ہوتی ہیں، جن کا مقصد خطے میں بحری سلامتی اور اعتماد سازی کو مضبوط بنانا ہے۔