اسحاق ڈار اور عباس عراقچی کے درمیان رابطہ، ایران کی صورتحال پر مشاورت

اسلام آباد(رم نیوز)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس کے دوران ایران کی موجودہ صورتحال اور خطے میں پیدا ہونے والی کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ٹیلیفونک گفتگو میں دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی سفارتی روابط برقرار رکھنے پر اتفاق کیا اور بدلتی علاقائی صورتحال کے تناظر میں باہمی مشاورت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاک ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دوطرفہ سفارتی روابط کو ہر سطح پر فعال رکھنے کی ضرورت ہے۔دریں اثنا ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ رابطے کے ذرائع بدستور کھلے ہیں۔ ان کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور امریکی نمائندے اسٹیو وٹکوف کے درمیان براہ راست رابطہ موجود ہے اور ضرورت کے مطابق پیغامات کا تبادلہ کیا جا رہا ہے۔

اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ روایتی ثالث سوئٹزرلینڈ کے ذریعے بھی امریکہ اور ایران کے درمیان رابطے قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے کبھی مذاکراتی عمل سے کنارہ کشی اختیار نہیں کی، تاہم امریکا کی جانب سے متضاد بیانات سنجیدگی کے فقدان کو ظاہر کرتے ہیں۔