موسمی خرابی کے باعث فلائٹ آپریشن متاثر

لاہور(رم نیوز)ملک کے مختلف شہروں میں شدید موسمی خرابی کے سبب فلائٹ آپریشن متاثر ہوا ہے۔ کل 8 پروازیں منسوخ ہو گئیں جبکہ 53 پروازوں کی آمد و روانگی میں تاخیر ہوئی۔لاہور میں خراب موسم کے باعث 4 پروازیں اسلام آباد میں لینڈنگ کرنے پر مجبور ہو گئیں۔ اسلام آباد سے گلگت جانے والی قومی ایئر لائن کی 4 پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں۔

فلائٹ شیڈول کے مطابق لاہور سے ابوظبی کی 2 اور اسلام آباد سے سکھر کی 2 پروازیں منسوخ ہوئیں۔ جدہ سے لاہور کی 2 پروازیں اسلام آباد اتاری گئیں جبکہ ابوظبی سے نجف کے پروازوں کو بھی اسلام آباد میں لینڈ کرایا گیا۔

مزید برآں، اسلام آباد اور کراچی کی 14، 14 پروازوں کی آمد و روانگی میں تاخیر ہوئی، لاہور کی 12 اور پشاور کی 8 پروازیں بھی متاثر ہوئیں۔ سیالکوٹ، ملتان اور فیصل آباد کی 2، 2 پروازوں میں بھی تاخیر ریکارڈ کی گئی۔