سندھ ہائیکورٹ میں چنگچی پابندی چیلنج، عدالت نے جواب طلب کر لیا

کراچی(رم نیوز)چنگچی رکشہ ایسوسی ایشن نے سندھ حکومت کے شہر کے مختلف روٹس پر چنگچی پر عائد پابندی کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ حکومت نے 26 اہم روٹس پر پابندی لگائی، جبکہ روٹ پرمٹ کینسل کیے بغیر یہ فیصلہ نافذ کیا گیا۔ ایسوسی ایشن کے وکیل قاضی عبدالحمید کے مطابق اس پابندی سے تقریباً 60 ہزار چنگچی ڈرائیور اور ہزاروں افراد کا روزگار متاثر ہوا ہے۔

سندھ ہائیکورٹ نے سندھ حکومت، ٹریفک پولیس اور چنگچی بنانے والی کمپنی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 3 فروری تک جواب طلب کر لیا۔ جسٹس یوسف علی سعید نے کہا کہ حکومت کا تحریری جواب آنے کے بعد پورے معاملے کا جائزہ لیا جائے گا۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ پابندی کے باعث چنگچی ڈرائیورز پر روزانہ مقدمات درج ہو رہے ہیں اور رکشہ بنانے والی کمپنی میں کام کرنے والے ملازمین کی روزمرہ آمدنی متاثر ہو رہی ہے۔