کراچی(رم نیوز)وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے اعلان کیا ہے کہ کراچی کے قریب واقع زیارت حسن شاہ جزیرے کو جدید ایکو ٹورازم حب میں تبدیل کیا جائے گا۔محمد جنید انوار چوہدری کے مطابق اس منصوبے کے تحت جزیرے کو ماحولیاتی لحاظ سے محفوظ، جدید اور عالمی معیار کے سیاحتی مرکز کی شکل دی جائے گی۔ منصوبہ ایکو فرینڈلی، سپورٹس اور لائف سٹائل ٹورازم پر مبنی ہوگا، جس سے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو متوجہ کیا جا سکے گا۔ ابتدائی لاگت کا تخمینہ 1 سے 1.5 ارب روپے ہے، جبکہ مجموعی سرمایہ کاری اربوں روپے تک پہنچنے کی توقع ہے۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ زیارت حسن شاہ جزیرہ زمینی راستے کے ذریعے کراچی کے یسٹرن زون سے منسلک ہوگا، جس سے رسائی آسان ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ بلیو اکانومی کی کامیاب مثال بنے گا اور سیاحت کے فروغ کے ساتھ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا کرے گا۔