نیویارک(رم نیوز)ایران کی صورتحال پر اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کا چارٹر طاقت کے استعمال کی مخالفت کرتا ہے اور تنازعات کا حل بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور خطے کی مجموعی صورتحال پر پاکستان کو تشویش ہے اور ایک مستحکم و پرامن ایران پاکستان کے مفاد میں ہے۔ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور صورتحال کا قریب سے جائزہ لے رہا ہے۔
عاصم افتخار نے امید ظاہر کی کہ ایران میں حالات جلد معمول پر آئیں گے اور کہا کہ کشیدگی میں کمی کیلئے سفارتی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے تمام فریقین پر زور دیا کہ عالمی قوانین کا احترام کرتے ہوئے صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں۔