کوئٹہ(رم نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے فرنٹیئر کور (ایف سی) بلوچستان نارتھ ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ایف سی کے افسران اور جوانوں کی قربانیوں کو سراہا اور قیامِ امن میں فورس کے کردار کو سراہا۔
دورے کے موقع پر ایف سی بلوچستان نارتھ کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمانوں کو سلامی پیش کی۔ محسن نقوی اور سرفراز بگٹی نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی اور شہدائے ایف سی کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی اور دعا کی۔
آئی جی ایف سی بلوچستان نارتھ میجر جنرل محمد عاطف مجتبیٰ نے وزراء کو افسران سے تعارف کروایا اور فورس کی تربیت، آپریشنل تیاریوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ایف سی بلوچستان نارتھ کے افسران اور جوانوں کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں اور فورس نے بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردی کے عزائم ناکام بنانے میں شجاعت اور بہادری کی مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قیامِ امن کے لیے ایف سی کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان حکومت دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ایف سی کے سپوت بہادری سے بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردوں کا صفایا کر رہے ہیں۔دورے کے موقع پر چیف سیکرٹری بلوچستان اور آئی جی بلوچستان پولیس بھی موجود تھے۔