اسلام آباد(رم نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ سے متعلق قائم کیے گئے بورڈ آف پیس میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کو شمولیت کی دعوت دے دی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کو غزہ کے لیے بنائے گئے اس امن بورڈ میں شامل ہونے کی باضابطہ پیشکش موصول ہو چکی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان غزہ میں پائیدار امن کے قیام اور خطے میں استحکام کے لیے بین الاقوامی کوششوں میں فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ مسئلہ فلسطین کا منصفانہ اور دیرپا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے، جبکہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے سفارتی اقدامات کی حمایت جاری رکھے گا۔
واضح رہے کہ وائٹ ہاؤس نے صدر ٹرمپ کے امن منصوبے کے تحت غزہ بورڈ آف پیس کے ارکان کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے، جس کا مقصد سکیورٹی، انسانی امداد اور تعمیر نو کے اقدامات میں ہم آہنگی پیدا کرنا ہے۔ دوسری جانب اسرائیل نے بورڈ کے قیام کو مسترد کر دیا ہے۔