پشاور(رم نیوز)باجوڑ سے تعلق رکھنے والے ارکانِ اسمبلی اور قبائلی عمائدین پر مشتمل جرگے نے صوبے میں قیامِ امن کے لیے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ہونے والے جرگے میں پارلیمنٹیرینز، قومی مشران اور عمائدین نے شرکت کی، جہاں صوبے میں امن و امان، پاک افغان تعلقات اور ترقیاتی حکمتِ عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جرگے نے وزیراعلیٰ پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے باجوڑ میں حالیہ آپریشن سے جزوی متاثرہ گھروں کے لیے امدادی رقم 1 لاکھ 60 ہزار روپے سے بڑھا کر 5 لاکھ روپے کرنے کا اعلان کیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بند کمروں میں کیے گئے فیصلوں سے ہمیشہ حالات خراب ہوئے، امن کے قیام کے لیے قبائلی عمائدین اور صوبائی حکومت کو اعتماد میں لینا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی مشران، عوام اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں سے 2018 میں امن قائم ہوا تھا۔