کراچی(رم نیوز)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ گل پلازہ آتشزدگی میں متاثرہ تاجروں کے نقصان کا ازالہ کیا جائے گا، تاہم جانی نقصان کا کوئی نعم البدل ممکن نہیں۔ انہوں نے واقعے کی جامع انکوائری کا اعلان کرتے ہوئے غفلت ثابت ہونے پر ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔
گل پلازہ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ ایک افسوسناک سانحہ ہے، گل پلازہ 40 سال پرانی عمارت تھی جہاں ایک ہزار سے زائد دکانیں قائم تھیں اور پورے کراچی سے لوگ خریداری کے لیے آتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ تاحال درجنوں افراد لاپتہ ہیں اور امید ہے کہ وہ بحفاظت مل جائیں گے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ آگ لگنے کی اطلاع رات 10 بجے کے بعد ملی اور 10 بج کر 27 منٹ پر پہلا فائر ٹینڈر موقع پر پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر مزید اداروں سے بھی مدد حاصل کی جائے گی۔
اس سے قبل صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے بھی واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کو ہر ممکن امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ اداروں کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے اور کراچی کی تمام کمرشل عمارتوں میں ہنگامی بنیادوں پر فائر سیفٹی آڈٹ کرانے کی بھی ہدایت جاری کی ہے تاکہ آئندہ ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔