اسلام آباد ہائیکورٹ کے تین ججز مستقل، جسٹس آصف، اعظم خان اور انعام امین منہاس نے حلف اٹھا لیا

اسلام آباد (رم نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ کے مستقل ہونے والے تین ججز نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔ جسٹس محمد آصف، جسٹس محمد اعظم خان اور جسٹس انعام امین منہاس سے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سردار محمد سرفراز ڈوگر نے حلف لیا۔حلف برداری کی تقریب اسلام آباد ہائیکورٹ میں منعقد ہوئی جس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا، بعد ازاں قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ اس موقع پر رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ نے ججز کی تعیناتی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن پڑھ کر سنایا۔

تقریب میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، اسلام آباد ہائیکورٹ اور ڈسٹرکٹ کورٹ کے ججز، اسلام آباد ہائیکورٹ بار کے صدر واجد گیلانی اور سیکرٹری منظور ججہ سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔واضح رہے کہ وزارت قانون نے صدر مملکت کی منظوری کے بعد تینوں ججز کی مستقل تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ تینوں ججز اس سے قبل تقریباً ایک سال تک اسلام آباد ہائیکورٹ میں بطور ایڈہاک جج خدمات انجام دے چکے ہیں۔