سپریم لیڈر پر کسی بھی حملے کو ایران کے خلاف اعلانِ جنگ سمجھا جائے گا، صدر مسعود پزشکیان

تہران (رم نیوز)ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے خلاف کسی بھی قسم کا حملہ پوری ایرانی قوم کے خلاف اعلانِ جنگ تصور کیا جائے گا۔ انہوں نے امریکہ اور اس کے اتحادیوں کو سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایسے کسی اقدام کے سنگین نتائج ہوں گے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق صدر مسعود پزشکیان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے عائد کی گئی غیر انسانی پابندیاں ایرانی عوام کو درپیش معاشی مشکلات کی بڑی وجوہات میں شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ طویل دشمنی اور دباؤ کی پالیسیوں نے ایران کی معیشت اور عوامی زندگی کو متاثر کیا ہے۔

صدر ایران نے واضح کیا کہ سپریم لیڈر کے خلاف کسی بھی نوعیت کی کارروائی دراصل ایرانی خودمختاری اور قومی وقار پر حملہ ہوگی، جسے ایران کسی صورت قبول نہیں کرے گا۔دوسری جانب سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے حالیہ احتجاجی ہنگاموں کے دوران ہونے والی ہلاکتوں اور تباہی کا ذمہ دار امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو قرار دیا تھا، جبکہ امریکی صدر نے ایک بیان میں ایران میں قیادت کی تبدیلی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔واضح رہے کہ ایران میں گزشتہ ماہ تاجروں کے پرامن احتجاج کے بعد حالات کشیدہ ہوئے، جس پر ایرانی حکام نے امریکہ اور اسرائیل پر مظاہرین کی پشت پناہی اور بدامنی پھیلانے کے الزامات عائد کیے ہیں۔