گل پلازہ آتشزدگی: صدر اور وزیراعظم نے وزیراعلیٰ سندھ کو تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت دی

کراچی(رم نیوز)کراچی کے گل پلازہ میں لگنے والی آتشزدگی کے بعد صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور جانی و مالی نقصان پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے ریسکیو اور فائر فائٹنگ آپریشن میں تمام دستیاب وسائل کے استعمال کی ہدایت دی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی اور گنجان آباد علاقوں میں آگ پر قابو پانے کے لیے ایک مربوط نظام کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مستقبل میں ایسے واقعات سے بچاؤ کے لیے بھی سندھ حکومت کی معاونت کا اعلان کیا۔صدر آصف علی زرداری نے شہید فائر فائٹر فرقان شوکت کی شجاعت کو سراہتے ہوئے انہیں سول ایوارڈ کے لیے نامزد کرنے کی ہدایت کی اور زخمیوں کی طبی نگہداشت اور متاثرین کے گھروں کی بحالی کے فوری اقدامات کرنے پر زور دیا۔ صدر نے فائر سیفٹی قوانین کے مؤثر نفاذ اور تجارتی و رہائشی عمارتوں میں حفاظتی معائنوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت بھی اجاگر کی۔

واضح رہے کہ گل پلازہ کی آگ پر 24 گھنٹے بعد بھی مکمل قابو نہیں پایا جا سکا۔ واقعے میں 6 افراد جاں بحق، 30 سے زائد زخمی اور 58 افراد لاپتہ ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کی مکمل انکوائری اور تاجروں کے نقصانات کے ازالے کا بھی وعدہ کیا ہے۔