پنجاب میں بارشوں اور پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری کا امکان

لاہور(رم نیوز)پنجاب کے مختلف اضلاع میں آج سے 23 جنوری تک بارشوں کا امکان ہے، جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری متوقع ہے۔پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق لاہور، سرگودھا، گجرانوالہ، ساہیوال، ملتان، فیصل آباد، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ڈویژن میں بھی بارشیں ہونے کا امکان ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران موسم مجموعی طور پر سرد اور خشک رہے گا، لیکن مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری جاری رہنے کا امکان ہے۔پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے اور حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے تاکہ ممکنہ سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ یا دیگر قدرتی آفات سے بروقت نمٹا جا سکے۔ مری میں ضلعی انتظامیہ اور دیگر اداروں کو مکمل چوکس رہنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور حفاظتی اقدامات اختیار کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔