پی ٹی اے کا اوورسیز پاکستانیوں کے لیے موبائل سم فعال رکھنے کا نیا نظام

کراچی(رم نیوز)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ایک نیا نظام متعارف کرایا ہے، جس کے ذریعے وہ طویل عرصے تک اپنی موبائل سم کو فعال اور بلاک ہونے سے محفوظ رکھ سکیں گے۔پی ٹی اے کے مطابق اس سہولت کا مقصد اوورسیز پاکستانیوں کو ڈیجیٹل طور پر پاکستان سے منسلک رکھنا ہے تاکہ وہ اپنے اہلِ خانہ، بینکنگ، نادرا، ٹیکس اور دیگر آن لائن سروسز تک رسائی برقرار رکھ سکیں۔

نظام کے تحت پری پیڈ سم صارفین کو ہر 180 دن میں کم از کم ایک بار کال، ایس ایم ایس، ڈیٹا استعمال یا بیلنس لوڈ کرنا ہوگا، جبکہ پوسٹ پیڈ صارفین کو اپنے تمام واجبات بروقت ادا کرنے ہوں گے۔ غیر تعمیل کی صورت میں سم غیر فعال ہو سکتی ہے۔

بیرون ملک مقیم پاکستانی شہری اس اقدام کو خوش آئند قرار دے رہے ہیں، کیونکہ ماضی میں طویل غیر استعمال کے سبب سم بلاک ہو جاتی تھی، جس سے بینک اور دیگر سروسز تک رسائی متاثر ہوتی تھی۔پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ یہ اقدام نہ صرف تکنیکی سہولت بلکہ اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان سے مربوط رکھنے اور ملکی معیشت میں ان کے کردار کو مستحکم کرنے کی کوشش ہے۔