سوشل میڈیا پر شکایت، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا لیڈی ریڈنگ ہسپتال کا اچانک دورہ

پشاور (رم نیوز)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل خان آفریدی نے سوشل میڈیا پر کمسن بچے کی سنگین حالت سے متعلق موصول ہونے والی شکایت پر فوری ایکشن لیتے ہوئے لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ایمرجنسی چلڈرن وارڈ کا اچانک دورہ کیا۔

وزیراعلیٰ نے بچے کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور علاج سے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔ ڈاکٹروں نے آگاہ کیا کہ بچوں کے آئی سی یو میں بیڈ دستیاب نہ ہونے کے باعث مریض کو خیبر ٹیچنگ ہسپتال منتقل کرنا ناگزیر ہے، جس پر وزیراعلیٰ نے فوری طور پر ایمبولینس فراہم کرنے اور مریض کی بروقت منتقلی کے احکامات جاری کیے۔

سہیل خان آفریدی نے بچوں کے آئی سی یو میں بیڈز کی تعداد بڑھانے، فیبری کیٹڈ ایکسٹینشن رومز قائم کرنے اور ہنگامی بنیادوں پر علاج کی صلاحیت میں اضافے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر سرکاری ہسپتالوں میں سہولت میسر نہ ہو تو نجی ہسپتالوں میں علاج کے اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔وزیراعلیٰ نے ہسپتالوں میں بیڈ کی دستیابی جانچنے کے لیے سنٹرلائزڈ نظام کو مؤثر بنانے اور مریضوں کو درپیش دیگر مسائل کے فوری حل کی بھی ہدایات جاری کیں۔