وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری کا سپارکو ہیڈکوارٹر کا تاریخی دورہ

اسلام آباد(رم نیوز)وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے پہلی بار کسی بحری امور کے وزیر کے طور پر سپارکو ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔ چئیرمین سپارکو یوسف خان اور اعلیٰ سطحی افسران نے وزیر کو سپارکو کی جدید ٹیکنالوجی اور منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔

دورے کے دوران نئے بندرگاہوں کے ممکنہ مقامات کا سیٹلائٹ کے ذریعے جائزہ لیا گیا اور سمندری حدود میں ریلیف و ریسکیو کے منصوبوں کے لیے سیٹلائٹ اور اے آئی ٹیکنالوجی کے استعمال پر بات چیت کی گئی۔ جنید انوار چوہدری نے کہا کہ سپارکو کی ٹیکنالوجی سے بندرگاہوں کی منصوبہ بندی اور ملکی بندرگاہوں کی مانیٹرنگ میں آسانی ہوگی، جبکہ سمندری ماحولیاتی نگرانی سے پالیسی سازی میں مدد ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ موسمی تبدیلی اور ماحولیاتی خطرات سے نمٹنے میں سیٹلائٹ مانیٹرنگ اہم کردار ادا کرے گی اور سپارکو وزارت کے اے آئی سیکریٹریٹ کے ذریعے بندرگاہوں کی مانیٹرنگ کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔